Live Updates

فضیلہ قاضی اور غزل صدیقی نے خاندان کیلئے کیریئر کی قربانی دی

جمعرات 15 مئی 2025 21:23

فضیلہ قاضی اور غزل صدیقی نے خاندان کیلئے کیریئر کی قربانی دی
․لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) پاکستانی اداکارہ فضیلہ قاضی اور غزل صدیقی نے کہا ہے کہ انہوں نے خاندان کیلئے اپنے کیریئر کی قربانی دی اور خاندان کیلیے قربانی دینا فخر ہے۔پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی دو معروف اور سینئر اداکارائیں فضیلہ قاضی اور غزل صدیقی حال ہی میں ایک شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر دی گئی قربانیوں اور گھریلو زندگی کی ترجیحات پر کھل کر بات کی۔

فضیلہ قاضی نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ میں نے ایک نئے ٹی وی چینل میں نوکری شروع کی تھی اور کئی دیگر اداکار بھی وہاں کام کر رہے تھے، اگر میں وہ نوکری نہ چھوڑتی تو شاید آج میں بہت زیادہ کامیاب ہوتی لیکن میرے شوہر قیصر چاہتے تھے کہ میں یہ چھوڑ دوں، وہ کہتے تھے کہ جب میں گھر آتا ہوں تو خود کو یتیم محسوس کرتا ہوں کیونکہ گھر میں عورت موجود نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ صرف شوہر کی خواہش پر نہیں بلکہ میری اپنی اندرونی خواہش بھی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ میں خود چاہتی تھی کہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاروں، ایک خوبصورت گھر بناوں، ڈائجسٹ پڑھنے کا شوق بھی مجھے اس طرف لے آیا، اگر ایک خاتون خانہ مطمئن ہے، تو سمجھیں کہ وہ واقعی زندگی سے مطمئن ہے۔اداکارہ غزل صدیقی نے بھی اپنی زندگی کا اہم فیصلہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر آکسفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی تھے اور چاہتے تھے کہ ہمارا بیٹا بھی اعلی تعلیم حاصل کرے، جب وہ 11 سال کا ہوا تو ہم نے پاکستان چھوڑ دیا، نوکریاں چھوڑ دیں اور کینیڈا ہجرت کر گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میری کوشش تھی کہ بیٹا ہمارے کلچرل ویلیوز کے ساتھ پروان چڑھے اور یہ تربیت صرف ایک ماں ہی دے سکتی ہے اسی لیے میں نے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا۔غزل نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ میرے شوہر نے صلاحیتوں کو سمجھا اور مجھے آگے بڑھنے کا موقع دیا، جب ہم کینیڈا پہنچے تو میرے شوہر نے خود میری ریزیومے تمام بڑے میڈیا نیٹ ورکس کو بھیجی تاکہ میں وہاں بھی میزبانی کے شوق کو جاری رکھ سکوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات