پاکستان کرپٹو کونسل بلاک چین کو سفارت کاری کے ذریعے موثر بنانے کیلئے پرعزم ہے، بلال بن صقیب

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او کی امریکی سفیر سے ملاقات، نوجوانوں کو مواقع دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا

جمعرات 15 مئی 2025 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب نے کہاہے کہ پاکستان کرپٹو کونسل بلاک چین کو سفارت کاری، تعلیم اور بااختیاری کا ایک موثر ذریعہ بنانے کیلئے پرعزم ہے تاکہ پاکستان کے نوجوان عالمی ڈیجیٹل انقلاب میں پیچھے نہ رہ جائیں بلکہ صف اول میں کھڑے ہوں۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او کی امریکی سفیر سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کے لیے بلاک چین اور اے آئی میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔

ڈیجیٹل معیشت میں پاک،امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ایک اہم پیش رفت کے طور پرپاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن صقیب نے پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر ناتالیا بیکر سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بلاک چین، مصنوعی ذہانت اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق باہمی اہداف پر گفتگو کی گئی ملاقات کا محور پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی مہارتوں سے لیس کرنا اور امریکی اداروں اور پاکستان کے کاروباری ماحولیاتی نظام کے درمیان روابط قائم کرنا تھا۔

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی سی او بلال بن صقیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بلاک چین اور اے آئی کو اپنی مستقبل کی معیشت کا مرکز بنا کر عالمی سطح پر ایک مسابقتی جدت طراز ملک بننے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی سب سے نوجوان آبادیوں میں سے ایک ہے پرجوش، باصلاحیت، اورویب تھری اور اے آئی کے مستقبل کی قیادت کے لیے تیار ہے اب وقت ہے کہ ان میں سرمایہ کاری کی جائے اور انہیں عالمی قائدین سے جوڑا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مواقع کے پائیدار پل تعمیر کیے جائیں مشترکہ پروگراموں، ٹیلنٹ ایکسچینج، اور امریکی ٹیک کمپنیوں اور پاکستانی اسٹارٹ اپس کے درمیان اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشتوں کے آغاز کی منصوبہ بندی جاری ہے تاکہ دونوں ممالک کے مفاد میں طویل المدتی شراکت داری قائم کی جا سکے۔