ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈیپارٹمنٹ آف مائیکروبیالوجی کے سکالر آصف اقبال نے پی ایچ ڈی مکمل کر لی

جمعہ 16 مئی 2025 13:21

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈیپارٹمنٹ آف مائیکرو بیالوجی کے سکالر آصف اقبال نے پی ایچ ڈی مکمل کر لی۔ انہوں نے ”صنعتوں میں استعمال ہونے والے پانی سے نائٹروجن کم کر کے پانی کو آلودگی سے بچانا اور کیمیائی عمل کے ذریعہ گندے پانی کی کثافت کو کم کر کے اسے ماحول دوست توانائی کا حصول“ کے موضوع پر مائیکروبائیولوجی ڈیپارٹمنٹ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحانہ مقبول کی زیر نگرانی اپنے ریسرچ تھیسز کا کامیاب دفاع کیا۔

سکالر آصف اقبال کے تھیسز کی جانچ پڑتال برطانیہ اور اٹلی کی یونیورسٹیز کے پروفیسرز نے کی جبکہ ایکسٹرنل ایگزامنرز میں کامسیٹس ایبٹ آباد ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنز کے ڈاکٹر محمد ارشاد اور انوائرمنٹل سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر فرید اﷲ شامل تھے۔

(جاری ہے)

آصف اقبال کے معاون سپروائز کے فرائض کامسیٹس یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار احمد بھٹی نے سر انجام دیئے۔

پبلک ڈیفنس میں سکالر آصف اقبال نے شرکاکے مختلف سوالوں کے جواب دیئے اور ریسرچ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ آصف اقبال کی ریسرچ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے (این آر پی یو) کے تحت حاصل کردہ تحقیقی پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کا مقصد صنعتوں میں استعمال ہونے والے پانی میں سے نائٹروجن کو کم کر کے پانی کو آلودگی سے بچانا اورکیمیائی عمل کے ذریعہ گندے پانی کی کثافت کو کم کر کے ماحول دوست توانائی کا حصول ہے۔ پبلک ڈیفنس میں ڈین بائیولوجیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر انعام اللہ، مائیکروبیالوجی کے چیئر مین ڈاکٹر سید کاشف حلیم، متعلقہ تحقیقی شعبہ کے پروفیسرز ، فیکلٹی ممبران اور دیگر سکالرز نے شرکت کی۔