Live Updates

سینیٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش

جمعہ 16 مئی 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) جمعہ کے روز سینیٹ میں مختلف قائمہ کمیٹیوں بشمول غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ، تجارت، مواصلات، اور وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی پانچ رپورٹس پیش کی گئیں۔قائمہ کمیٹی برائے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے چیئرمین سینیٹر سردار الحاج محمد عمر گورگیج نے ایوان میں پاکستان بیت المال ایکٹ 1992 میں مزید ترمیم کے لیے پیش کردہ بل [پاکستان بیت المال (ترمیمی) بل 2024] پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی، یہ بل سینیٹر شہادت اعوان نے 19 فروری 2024 کو پیش کیا تھا۔

وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے سینیٹر سید مسرور احسن کی جانب سے 25 اکتوبر 2024 کو وفاقی اردو یونیورسٹی کے طلباء، تدریسی و غیر تدریسی عملے کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف جاری ہڑتال سے متعلق اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے نکتے پر کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔

(جاری ہے)

اسی کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے یونیورسٹیوں میں طلبہ یونینز پر پابندی کے حوالے سے سینیٹر سید مسرور احسن کی جانب سے 25 اکتوبر 2024 کو اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے نکتے پر بھی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئرمین سینیٹر پرویز رشید نے 14 فروری 2025 کو سینیٹر پونجو کی جانب سے پیش کیے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے موضوع پر، راجاراستی سے عمرکوٹ تک 17 کلومیٹر سڑک کی تکمیل سے قبل ٹول ٹیکس کے نفاذ کے مسئلے پر کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔سینیٹر سرمد علی نے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے تجارت سینیٹر انوشہ رحمان کی جانب سے وزارتِ تجارت کے مالی سال 2025-26 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق بجٹ تجاویز پر کمیٹی کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات