گورنمنٹ ہائی سکول رسول پور بھلیاں میں یوم تشکر پر ایک خصوصی تقریب

جمعہ 16 مئی 2025 14:54

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایات پر آج ضلع بھر کے سکولوں میں یومِ تشکر منایا گیا۔ اسی سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول رسول پور بھلیاں میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ہیڈ ماسٹر شمشیر احمد ورک صاحب نے کی۔تقریب کا آغاز ایک تلاوت کلام پاک اور بعد ازاں واک سے ہوا جس میں اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

یہ واک پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور ملک کے دفاع میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نکالی گئی۔واک کے بعد سکول میں پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔ شرکاء نے مادرِ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ہیڈ ماسٹر شمشیر احمد ورک صاحب نے اس موقع پر کہا کہ یومِ تشکر کا مقصد نہ صرف اپنے محافظوں کو سراہنا ہے بلکہ نئی نسل کو وطن سے محبت اور قربانی کا سبق دینا بھی ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ملکی سلامتی کے لیے دعا کی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔