جرمنی کی وزارت تعلیم نے پاکستانی سائنسدان ڈاکٹرمحمد ہارون الرشید کو ڈیجیٹل گرین ٹیلنٹ ایوارڈ سے نوازدیا،ان کا تعلق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے ہے

جمعہ 16 مئی 2025 22:03

جرمنی کی وزارت تعلیم نے پاکستانی سائنسدان ڈاکٹرمحمد ہارون الرشید کو ..
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء) جرمنی کی وفاقی وزارت تعلیم و تحقیق نے پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر محمد ہارون الرشید کو ڈیجیٹل گرین ٹیلنٹ ایوارڈ سے نوازا ہے، وہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ جنگلات اور رینج مینجمنٹ میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ باوقار بین الاقوامی اعزاز دنیا بھر سے صرف 20 نمایاں سائنسدانوں کو دیا جاتا ہے جو پائیدار ترقی میں ان کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے۔

فاریسٹ ایکولوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے ڈاکٹر محمد ہارون الرشید نے پائیدار جنگلات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے امریکی محکمہ زراعت کی مالی معاونت سے مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی میں ٹری آؤٹ سائیڈ فاریسٹ کے منصوبے پر کام کیا جس کا مقصد روایتی جنگلات کے ساتھ ساتھ گرین ایریا کو بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وہ بانس کی کاربن کی ضبطی کی صلاحیت پر کام کر رہے ہیں تاکہ فطرت پر مبنی آب و ہوا کو فروغ مل سکے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں گرین یوتھ موومنٹ کلب کے فوکل پرسن کے طور پر وہ طلبہ کو شجرکاری مہم اور سرسبزماحول کی طرف راغب کر رہے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عالمی سطح پر پذیرائی پانے والے سائنسدان ملکی زرعی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی کو برصغیر پاک و ہند کی پہلی زرعی دانش گاہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جس کے چشمہ فیض سے ہزاروں طلبہ مستفید ہوتے ہوئے غذائی تحفظ، زراعت اور دیہی ترقی کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔