Live Updates

دھرم شالہ کا خوف نہ نکل سکا، اسٹارک نے بھی بھارت جانے سے انکارکردیا

جمعہ 16 مئی 2025 22:28

دھرم شالہ کا خوف نہ نکل سکا، اسٹارک نے بھی بھارت جانے سے انکارکردیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء)انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنیوالے مچل اسٹارک نے ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کیلئے بھارت جانے سے انکار کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں آئی پی ایل کے بقیہ میچز کھیلنے سے دوٹوک الفاظ میں انکار کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے متعلق فرنچائز کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

مچل اسٹارک نے فرنچائز کو بقیہ میچز سے اپنی عدم دستیابی کے حوالے سے بتایا، دہلی کیپیٹلز نے فاسٹ بولر کے متبادل کیلئے دیگر کھلاڑیوں سے رابطے تیز کردیے ہیں۔خیال رہے کہ مچل اسٹارک دھرم شالا میں بلیک آؤٹ کی وجہ سے روکے جانے والے میچ کا بھی حصہ تھے جہاں انکی اہلیہ اور ویمن کرکٹر ایلیسا ہیلی بھی وہاں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں ایلیسا ہیلی نے دھرم شالا کے حالات پر انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اطلاعات کے فقدان کی وجہ سے گراؤنڈ میں کھلاڑی خوف کا شکار تھے، ساری صورتِ حال میں سب سے زیادہ ڈرانے والی چیز غلط معلومات تھیں، جنہوں نے ہمیں ڈرا دیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ بھارت میں آئی پی ایل میچز کیلئے آسٹریلوی کرکٹرز کو اب حکومت سے سیکیورٹی کی یقین دہانی لینی چاہیے۔واضح رہے کہ آئی پی ایل کو گزشتہ جمعے پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا تاہم جنگ بندی اعلان کے بعد ٹورنامنٹ 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات