سیالکوٹ پولیس کا ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ،علی رضا گینگ سرغنہ سمیت گرفتار،مال مسروقہ برآمد

جمعہ 16 مئی 2025 21:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) سیالکوٹ پولیس نے ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے علی رضا گینگ کے سرغنہ سمیت 3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمدکرلیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ اگوکی انسپکٹر نعمان احمد نے جدید ٹیکنالوجی اور موثر حکمتِ عملی کے ذریعے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے علی رضا گینگ کے سرغنہ سمیت 3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر سامان چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے 18 وارداتوں کا انکشاف کیا،ملزمان کے قبضہ سے 5 عدد مسروقہ موٹر سائیکلیں،نقدی 4 لاکھ 50 ہزار روپے، 4 عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز، 3 عدد ناجائز پسٹل 30 بور بمعہ متعدد گولیاں برآمد کرلیں۔ ملزمان میں علی رضا سکنہ محلہ شریف پورہ اگوکی،سبحان علی سکنہ امانت پورہ اگوکی،ساحل سکنہ محلہ لوہاراں اگوکی سے تفتیش جاری ہے اور مزید برآمدگیاں متوقع ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ۔