ایڈیشنل ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی راولپنڈی کے پوش علاقوں میں کارروائیاں، 4 فوڈ پوائنٹس سیل

ہفتہ 17 مئی 2025 11:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے راولپنڈی کے پوش علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔ بحریہ ٹاؤن فیز 7 اور 8 میں 32 فوڈ پوائنٹس کی تفصیلی چیکنگ کی گئی، اور ناقص صفائی، ایکسپائرڈ اشیائے خورونوش اور غیر معیاری گوشت رکھنے پرایکشن لیا گیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 4 فوڈ پوائنٹس کو انتہائی خراب انتظامات، باسی اور بدبودار خوراک کی موجودگی پر موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔ مزید برآں 11 فوڈ پوائنٹس پر مجموعی طور پر 8 لاکھ 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران تین من باسی اور بدبودار گوشت کو قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیا گیا جب کہ مختلف ہوٹلوں اور یسٹورنٹس میں ایکسپائرڈ مصالحہ جات اور خراب گوشت کی موجودگی پائی گئی جو کہ شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نارتھ ریجن میں ناقص خوراک اور غیر معیاری اشیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی ہوٹل یا فوڈ پوائنٹ سے متعلق کوئی شکایت ہو تو فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔ فوڈ اتھارٹی کی ان کارروائیوں کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایسے اقدامات سے شہر میں خوراک کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :