لاہور ہائیکورٹ ، مقامی زمیندار کی غیر قانونی حراست میں مقید 5 افراد بازیاب ، گھر جانے کی اجازت دے دی

پیر 18 اگست 2025 14:33

لاہور ہائیکورٹ ، مقامی زمیندار کی غیر قانونی حراست میں مقید 5 افراد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے مقامی زمیندار کی غیر قانونی حراست میں مقید 5 افراد کو بازیاب کروا کر گھر جانے کی اجازت دے دی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد جواد ظفر نے فیصل آباد کے رہائشی رحمت علی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیصل آباد نواحی گائوں چک 66 ج ب ہانڈرا کلاں کے زمیندار سعید انور نے اس کے بھائی جعفر اور خاندان کے دیگر افراد بشمول بچوں کو اپنے ڈیرے پر غیر قانونی مقید کررکھا ہے۔

عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے تنویر حسین کو بیلف مقرر کرتے ہوئے تمام مقید افراد کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ بیلف تنویر حسین نے تھانہ ایئرپورٹ پولیس کے ہمراہ زمیندار کے ڈیرے سے تمام مغوی افراد کو بازیاب کیا۔

(جاری ہے)

بیلف کی رپورٹ کے مطابق مغوی جعفر نے بتایا کہ زمیندار سعید نے نہ صرف اس کو اور اس کے اہلِ خانہ کو قید کیا بلکہ اس کی دو بھینسوں کو بھی اپنی غیرقانونی تحویل میں لے لیا۔ عدالتی حکم پر تمام افراد کو بازیاب کرکے عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے تمام بازیاب افراد کو گھر جانے کی اجازت دے دی اور درخواست گزار کو حکم دیا کہ بھینسوں کو غیر قانونی تحویل میں رکھنے کے حوالے سے زمیندار کے خلاف کارروائی کے لئے متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔