Live Updates

شاہ محمود قریشی کی طبیعت سے متعلق ڈاکٹرز نے اپڈیٹ جاری کردی

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء کی اہلیہ اور بیٹی بھی پی آئی سی پہنچ گئیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 12:53

شاہ محمود قریشی کی طبیعت سے متعلق ڈاکٹرز نے اپڈیٹ جاری کردی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طبیعت سے متعلق ڈاکٹرز نے اپڈیٹ جاری کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث شاہ محمود قریشی اس وقت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج ہیں، سابق وزیر خارجہ کو آج صبح اچانک آکسیجن کی کمی کا مسئلہ ہوا تھا، جس کے باعث فوری طور پر شاہ محمود قریشی کو طبی امداد دی گئی اور شاہ محمود قریشی کا سی سی یو تھری میں علاج جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء کی اہلیہ اور بیٹی بھی پی آئی سی پہنچ چکی ہیں، ان کی صاحبزادی مہر بانو قریشی کا کہنا ہے کہ میرے بہادر بابا پی آئی سی ایمرجنسی میں ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ہیں، میں ان کی صحت پر تشویش ظاہر کرنے اور طبیعت سے متعلق دریافت کرنے کے لیے سب کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی، برائے مہربانی میرے والد کے لیے اور ان تمام لوگوں کے لیے دعا کریں جو ناحق قید میں ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث جیل سے پی آئی سی منتقل کیا گیا، ان کے وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماء کو دل میں تکلیف کی وجہ سے جیل سے پنجاب اسنٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو نماز فجر کے بعد پی آئی سی منتقل کیا گیا، دل میں تکلیف شروع ہونے کے بعد طبیعت نہ سنھبلنے پر شاہ محمود قریشی کو ریسکیو 1122 کے ذریعے پی آئی سی منتقل کیا گیا جہاں سابق وزیر خارجہ کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، جیل انتظامیہ کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی۔

اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی زین حسین قریشی نے بتایا کہ آج صبح میرے والد مخدوم شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز ہوئی تو جیل میں موجود ڈاکٹرز نے ان کا فوری معائنہ کیا جس کے بعد انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، ڈاکٹرز نے مزید چند دنوں تک انہیں زیرِ نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، قوم سے گزارش ہے کہ ان کی مکمل صحتیابی کے لیے دعا فرمائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات