آنتوں کی بیماریوں سے متعلق صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں، ڈاکٹر عبداللہ بن خالد

ہفتہ 17 مئی 2025 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ایسوسی ایٹ پروفیسر معدہ و ہیپاٹولوجی ڈاکٹر عبداللہ بن خالد نے آنتوں سے متعلق بڑھتے ہوئے صحت عامہ کے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آگاہی اور احتیاطی تدابیر کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے طبی مسائل میں اضافہ کی وجہ غیر صحت بخش خوراک اور خاص طور پر بچوں میں اینٹی بائیوٹکس کے غیر تجویز کردہ استعمال کو قرار دیا ہے۔

انہوں نے گرمی سے متعلق بیماریوں کے بڑھتے ہوئے کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے ہیٹ ویو کے دوران صحت مند کھانے کے بارے میں آگاہی کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ڈاکٹر عبداللہ بن خالد نے کہا کہ غیر معیاری سٹالز سے کھانے پینے میں احتیاط برتیں ۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی لہر کے دوران پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ حفظان صحت کے مطابق کھانے کا انتخاب کریں اور بیمار ی کے خطرے کو کم کرنے کے لئے غیر معیاری کھانا کھانے سے گریز کریں۔

انہوں نے والدین کو ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر بچوں کو اینٹی بائیوٹکس دینے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسہال کا علاج نہ کیا جائے تو پانی کی شدید کمی اور موت کا خطرہ بھی پیدا ہو سکتا ہے جبکہ اینٹی بائیوٹکس کا غیر ضروری استعمال اینٹی بائیوٹک مزاحمت کو کم کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر خالد نے گرمی کی لہر کے دوران خوراک اور پانی کی حفاظت کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور شہریوں کو مشورہ دیا کہ ہائیڈریشن کو ترجیح دیں، صاف اور صحت بخش خوراک استعمال کریں اور آلودہ پانی سے گریز کریں تاکہ پانی اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے متعدی بیماریوں میں اضافے کا امکان ہے، عوام اپنی صحت کے بارے میں چوکس رہیں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ عنوان :