ڈپٹی کمشنر کا تحصیل واہگہ کا دورہ ، سیوریج اور صفائی کے نظام کا جائزہ لیا

ہفتہ 17 مئی 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے تحصیل واہگہ کا دورہ کر کے سیوریج اور صفائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے اپنی کاوشیں تیز کر دی ہیں، وزیر اعلی پنجاب کے کلین لاہور مشن کے تحت انتظامیہ نے صفائی، سیوریج اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے ہیں، جن سے شہریوں کے معیار زندگی میں بہتری آ رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے تحصیل واہگہ کا دورہ کیا، انہوں نے سیوریج اور صفائی کے نظام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو فوری عمل درآمد کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران ڈیال گائوں اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیہ، اسسٹنٹ کمشنر واہگہ محمد عامر بٹ اور دیگر حکام ان کے ہمراہ تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر واہگہ نے تحصیل بھر میں جاری انتظامی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں صفائی نظام کو بہتر بنانے اور غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیوں پر روشنی ڈالی جبکہ ڈپٹی ایم ڈی واسا نے سیوریج کے کاموں اور موجودہ صورتحال کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ سالڈ ویسٹ کو روزانہ جمع کرکے مقررہ ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کیا جائے، اس کے علاوہ، گھر گھر کوڑا جمع کرنے کی مہم کو مزید موثر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم شہر کی صفائی کے لیے ناگزیر ہے ، اسے جاری رکھا جائے گا، سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کے فوری حل کے لیے بھی ڈپٹی کمشنر نے سخت ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ واہگہ سمیت تمام علاقوں میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کوڑے کو آگ لگانے کی روک تھام کے لیے سخت ایکشن کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسی خلاف ورزیوں پر کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کو منتقل کرنے کے عمل کو بھی تیز کرنے کا حکم دیا اورکہا کہ شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے غیر قانونی ڈھانچوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کاا ظہار کیا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور کو ایک مثالی شہر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ترجمان کے مطابق ان کے ان اقدامات سے شہر میں صفائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :