ڈپٹی کمشنر مردان کی زیرصدارت اجلاس،نئی ترقیاتی سکیموں بارے تجاویز پیش

ہفتہ 17 مئی 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبران صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی اور زرشاد خان سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں منتخب نمائندگان نے اپنے اپنے حلقوں کی ضروریات کے مطابق نئی ترقیاتی سکیموں بارے تجاویز پیش کیں، جنہیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) فہد افتخار نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ ترقیاتی منصوبوں میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی مرمت و بحالی، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو خاطر خواہ سہولیات میسر آئیں گی اور ضلع مردان میں ترقیاتی عمل میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر مردان نے عوامی نمائندوں کی تجویز کردہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔