محکمہ تعلقات عامہ ڈیرہ غازی خان اور پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے تحت سیمینار کا انعقاد

اتوار 18 مئی 2025 16:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) محکمہ تعلقات عامہ اور پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے تحت سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن اور پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان واصف علی نے پولیو کے تدارک میں میڈیا کے کردار پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر عتیق الرحمن نے کہا کہ پولیو کے مثبت ماحولیاتی نمونوں کے حوالے سے ضلع گذشتہ سال پنجاب میں پہلے اور اس سال دوسرے نمبر پر رہا ہے۔

پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کیلئے بروقت ویکسینیشن ضروری ہے۔ قومی پولیو مہم 26 مئی سے شروع ہونے جارہی ہے جس میں ضلع میں موجود پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچہ کو پولیو کی حفاظتی ویکسین پلانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ٹرائیبل بارڈر ایریا کی وجہ سے ڈی جی خان حساس ڈویژن ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان،سندھ اور خیبر پختونخواہ سے ہائی رسک پاپولیشن کی نقل و حرکت جاری رہتی ہے پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان واصف علی نے کہا کہ پولیو ترغیبی مہم کیلئے میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کامیاب بنانے کے حوالے سے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔میڈیا اس بیماری کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے، رائے عامہ کی بیداری اور اس بیماری بارے آگاہی کا کام میڈیا ہی کرسکتا ہے۔پولیو مہم کے نقائص کی نشاندہی کرکے میڈیا مثبت کردار ادا کرسکتا ہے۔صحافی، علما،سول سوسائٹی،اساتذہ اور طلبہ اس موذی مرض سے بچاؤ کی مہم میں ہراول دستے کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔آگاہی ورکشاپ میں محکمہ اطلاعات کے افسران، سینئر صحافیوں،یونیسف کے ریجنل کوارڈینیٹر اطہر کلیم اور دیگر نے شرکت کی۔