ویلج کونسل سائیکوٹ میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کا سروے مکمل ، جلد عملی کام شروع ہوگا، وزیر زراعت سجاد بارکوال

اتوار 18 مئی 2025 18:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ ضلع کرک میں ان کے حلقہ نیابت کے ویلج کونسل سائیکوٹ میں سروے ٹیم نے مین روڈ تا زنگانہ روڈ، مین روڈ تاخونشاخیل سکول روڈ، شیخان کورونہ تا کاشو روڈ، زڑہ گانڈی مین روڈ تا ڈگری کورونہ اور شوبلے بانڈہ تا پلوسکی الگڈہ روڈ سمیت مختلف گلیوں کا سروے مکمل کرلیا ہے اور بہت جلد ان پر کام شروع کر دیاجائے گا۔

وزیر زراعت نے یونین کونسل شنواہ گڈی خیل، نغری والہ اور ڈگر سرکا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے کالاباغ ڈیم میں شہید ہونے والے عارف اللہ کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے محلہ شہید عارف اللہ کے عمائدین کو درپیش پانی کے مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے مسجد اور آبنوشی سکیم کی سولرائزیشن کا اعلان کیا اور مشکل کی گھڑی میں بھرپور جدوجہد کرنے پر یونین کونسل کی ٹیم کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی وزیر زراعت سجاد بارکوال نے جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی بلوچستان کے شہیدالرحمان کی رہائشگاہ پر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت کے ساتھ تحصیل جنرل سیکرٹری ملک زاہد بہرام خیل، عارف نواز خٹک، چیئرمین ملک محیط خان، صدر وی سی شاہ سلیم، حاجی فضل رحیم و دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔