حاجی نورالسلام خان کا وفاق سے صوبوں کو آزادی کیساتھ اپنے آئینی دائرہ اختیار میں کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

اتوار 18 مئی 2025 18:55

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری مالیات و ضلعی سیکرٹری جنرل صوابی حاجی نورالسلام خان نے وفاق سے ملک کے تمام صوبوں کو آزادی کے ساتھ اپنے آئینی دائرہ اختیار میں کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب حقوق اور وسائل پر اختیارات دینے سے صوبے مضبوط ہوں گے تو پاکستان بھی مضبوط آور مستحکم ہو گا۔

، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہی صوبوں نے باہمی رضا مندی کے ساتھ پاکستان بنایا تھا ، جب صوبوں کی حیثیت ختم کرکے ون یونٹ بنایا گیا تو اس کے نتیجے میں پاکستان مضبوط بننے کے بجائے ٹوٹ گیا ، جس سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہیے کیونکہ اس وقت پاکستان مزید تجربوں کا متحمل نہیں ہو سکتا اگر صوبے بیرونی اداروں سے قرضے لے کر اس کے فنڈز سے بڑے بڑے منصوبے چلا سکتے ہیں تو تجارت میں کیا حرج ہے ، اگر اس میں قانونی پیچیدگیاں ہوں تو وزرات تجارت اسے دور کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ قومی وسائل پر کوئی سیاسی سمجھوتہ کریں ، اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کے نظام کو درست کرکے آئین پاکستان پر من و عن عمل کیا جائے اور عوام کے فیصلوں کا احترام کرکے ایسے فیصلوں سے گریز کیا جائے جس سے ملک کمزور ہو سکے طویل عرصے سے اتحادی رہنے کے باوجود عالمی قوتوں نے ہمیں جنگوں کے سوا کچھ نہیں دیا اس لیے ان ممالک سے تعلقات مزید استوار کرنا چاہئے جو ہماری معیشت ، صنعت اور تجارت کو ترقی دے سکے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن اضلاع اور علاقوں میں معدنیات موجود ہیں ان علاقوں کو برابر حصہ دینے کے لیے قانون سازی کی جائے تاکہ اس کا فائدہ ان علاقوں کے اصل مالکان تک پہنچ سکے ۔