کوہستان اپر پولیس کے پولیو مہم سے قبل ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز

پیر 19 مئی 2025 12:58

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) ضلعی پولیس سربراہ کوہستان اپر فرمان اللہ کی قیادت میں ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا آغاز کیا گیا ہے یہ اقدامات آمدہ پولیو مہم کے دوران امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان کوہستان اپر پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کئے۔

ڈی پی او کوہستان اپر کی نگرانی میں جاری ان کارروائیوں میں متعلقہ سرکلز کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ حصہ لیا، جس کے دوران اہم مقامات، ہوٹلز، رہائشی عمارتوں اور عوامی گذرگاہوں پر تلاشی لی گئی اور مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کوہستان اپر فرمان اللہ نے اس موقع پر کہا کہ آمدہ پولیو مہم ایک قومی ذمہ داری ہے جسے محفوظ اور پرامن ماحول میں مکمل کرنا پولیس فورس کی اولین ترجیح ہے، ہمارے اہلکار شب و روز اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں تاکہ عوام کو پُرامن فضا میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا عوام کی جان و مال کا تحفظ اور پولیو کے خلاف قومی مہم کو کامیاب بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور کامیابی ہے۔ ایسے مشترکہ سکیورٹی آپریشنز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک اور محفوظ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :