لاہور،انسداد دہشتگردی عدالت نے سینیٹر اعظم سواتی کی پی ٹی آئی رہنمائوں سے جیل میں ملاقات کی درخواست مسترد کردی

پیر 19 مئی 2025 12:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے جیل میں ملاقات کے لیے دائر درخواست مسترد کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے اعظم سواتی کی درخواست پر سوموار کو سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ انہیں کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

سماعت کے دوران جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ جیل قوانین کے مطابق قیدی کو صرف خونی رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ عدالت نے جیل حکام کے بیان کی روشنی میں اعظم سواتی کی درخواست مسترد کر دی۔