میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت،لاکھوں روپے مالیت کی درجنوں ماڈ ل ریڑھیاں کھلے آسمان تلے خرا ب ہونے لگیں

ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران مستحق افراد میں ریڑھیاں تقسیم کرنے میں ناکام،خوانچہ فروشوں کااحتجاج

پیر 19 مئی 2025 16:31

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)میٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت،لاکھوں روپے مالیت کی درجنوں ماڈ ل ریڑھیاں کھلے آسمان تلے خرا ب ہونے لگیں،ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران مستحق افراد میں ریڑھیاں تقسیم کرنے میں ناکام،خوانچہ فروشوں کااحتجاج۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ماڈل ریڑھیاں لگوائی گئیں،میٹروپولیٹن کارپوریشن نے رائے ونڈ میں ماڈل ریڑھی بازار کے لئے 100سے زائد ریڑھیاں بھجوائیں بھٹی چوک میں قائم ریڑھی بازار میں 64ریڑھیاں لگوانے کے بعد باقی تین درجن سے زائد ریڑھیاں چیف آفیسر یونٹ میں کئی ماہ سے کھلے آسمان تلے پڑی خراب ہو رہی ہیں موسمی اثرات کے باعث تقریباڈیڑھ لاکھ روپے مالیت سے تیارشدہ مذکورہ ماڈل ریڑھیاں بالنکا روپ دھارہی ہیں رائے ونڈ ماڈل ریڑھی بازار کے بعد نجی سبزی منڈی کے قریب ماڈل ریڑھی پوائنٹس قائم کرنے کی شنید تھی،ضلعی انتظامیہ اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کی غفلت کے باعث اس منصوبے پر عمل درآمد نہ ہوسکا،سی او یونٹ میں پڑی تین درجن سے زائد ریڑھیاں مستحق افراد کونہ دینے سے جہاں خوانچہ فروشوں کو نقصان واقع ہو رہا ہے وہاں سرکاری خزانے سے بننے والی ماڈل ریڑھیوں کے مرمت کا کام بھی نہیں ہو سکا،بیش قیمت ماڈل ریڑھیاں کھلے آسمان تلے خراب ہونے سے مسلم لیگی حکومت کی جگ ہنسائی ہورہی ہے خوانچہ فروشوں نے ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ماڈل ریڑھیوں کی فوری تقسیم کا مطالبہ کیا ہے۔