یونیورسٹی آف بلوچستان اور سنڈیمن صوبائی ہسپتال و ٹراما سینٹر کوئٹہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پیر 19 مئی 2025 17:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) یونیورسٹی آف بلوچستان نے سنڈیمن صوبائی ہسپتال اور ٹراما سینٹر، کوئٹہ کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصدشعبہ فزیکل تھراپی( ڈی پی ٹی ) کے طلباء کو عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اس معاہدے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، سنڈیمن ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناب ڈاکٹر عبد الہادی کاکڑ، اور ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے رجسٹرار جناب محمد طارق جوگیزئی، اورک کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید مزمل بخاری، ڈی جی اسٹوڈنٹس افیئرز جناب عبد الناصر کھیازی، پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب، ڈاکٹر قیصر اقبال چیئرمین جی ایس او ، ڈاکٹر سمن ساجد انچارج شعبہ فزیکل تھراپی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز جناب محمد صادق سمالانی، ڈاکٹر سجاد حیدر، ڈاکٹر عمیر صدیقی، اور جناب کمال الدین خلجی بھی موجود تھے،اس مفاہمتی یادداشت کے تحت، ڈی پی ٹی کے طلباء کو آرتھوپیڈکس، نیورولوجی، پیڈیاٹرکس، اور سی سی یو جیسے شعبہ جات میں انٹرن شپ اور ہاؤس جاب کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

طلباء کی کارکردگی کی نگرانی اور جائزہ لینے کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا۔انہیں ایک محفوظ اور پیشہ ورانہ تعلیمی ماحول مہیا کیا جائے گا تاکہ ان کی موجودگی مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ بنے۔ عالمی صحت کے دنوں کی مشترکہ تقریبات اور ڈی پی ٹی طلباء کی جانب سے منعقدہ خون کے عطیات کی مہمات میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انٹرن شپ کی کامیاب تکمیل پر طلباء کو سفارشاتی خطوط یا انٹرن شپ سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے اس موقع پر کہا، "یہ شراکت داری ہمارے طلباء کو عملی تجربہ فراہم کرنے اور تعلیمی و پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یونیورسٹی آف بلوچستان اپنے طلباء کو معیاری تعلیم اور عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ معاہدہ اس عزم کا مظہر ہے۔

ڈاکٹر عبد الہادی کاکڑ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عملی تربیت مستقبل کے طبی ماہرین کی تیاری کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی تربیت کو ہسپتال کی حقیقی کارروائیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا طلباء کی مہارت اور اعتماد کو بڑھاتا ہے۔یہ شراکت داری بلوچستان میں صحت کی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔