بنیادی مراکز صحت میں بہتری لائے بغیر عوام کے صحت کے مسائل حل نہیں ہو سکتے،ڈپٹی کمشنر

پیر 19 مئی 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد نے کہا ہے کہ بنیادی مراکز صحت میں بہتری لائے بغیر عوام کے صحت کے مسائل حل نہیں ہو سکتے، ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، غیر حاضر عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روجھان جمالی بیسک ہیلتھ یونٹ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مقامی افراد سے بھی ملاقات کی اور طبی مرکز میں عوام کو دی جانے والی سہولیات کے متعلق آگاہی حاصل کی ۔ڈپٹی کمشنر نے سختی کے ساتھ ہدایات دیتے ہوئے بتایا کہ لوگوں کی صحیح معنوں میں خدمات کرنا ترجیحات کا حصہ ہے، اس لیے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ سرانجام دیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مفاد عامہ میں بہتر اقدامات کر رہی ہے، اس لیے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور لوگوں کے مفاد میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گی تاکہ لوگوں کو حکومتی اقدامات سے فائدہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :