کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل واپس نہ لیا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے

18 سال سے کم بچوں کی شادی کے ممانعت کا بل لایا گیا، کیا اس بل کو لانے کا یہ موقع تھا؟ مولانا فضل الرحمان

muhammad ali محمد علی پیر 19 مئی 2025 22:26

کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل واپس نہ لیا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مئی2025ء) مولانا فضل الرحمان نے کم عمری کی شادی پر پابندی کے بل کی مخالفت کرتے ہوئے سڑکوں پر آنے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سینئر اپوزیشن لیڈر مولانا فضل الرحمان نے حکمران اتحاد کی جانب سے پیش کیے جانے والے کم عمری کی شادی پر پابندی کے بل کی شدید مخالفت کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کم عمری پر پابندی سے متعلق بل کی مذمت کرتے ہوئے اسے واپس نہ لینے پر سڑکوں پر نکلنے کا عندیہ دے دیا۔ پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ وقت ملی یکجہتی اور اتحاد قائم کرنے کا ہے اور ایسے میں حکومت متنازع بل منظور کروا رہی ہے۔ 18 سال سے کم بچوں کی شادی کے ممانعت کا بل لایا گیا، کیا اس بل کو لانے کا یہ موقع تھا؟۔

(جاری ہے)

اب میں اس بل کی مخالفت کروں گا تو کہیں گے مولانا صاحب کیا کر رہے ہیں؟ قومی یکجہتی کا تقاضا ہے کہ اس قسم کی حرکتیں نہ کی جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر سے بل کے خلاف رولنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسے بل منظور کر کے سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے، بہتر ہوگا کہ یہ قانون سازی روکیں اور اسلامی نظریاتی کونسل بھیجیں اگر انہیں اعتراض نہ ہوا تو مجھے بھی کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔