میدانی علاقوں سے شمالی علاقوں میں گرمیوں میں درجہ حرات میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے

درجہ حرارت بڑھنے سے بادل برستے نہیں بلکہ پھٹ پڑتے ہیں، بدقسمتی ہے کہ 8 ممالک 70فیصد کاربن بھی پھیلاتے اور 85 فیصد گرین فنانسنگ بھی لے رہے ہیں۔وفاقی وزیر مصدق ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 اگست 2025 22:47

میدانی علاقوں سے شمالی علاقوں میں گرمیوں میں درجہ حرات میں دوگنا اضافہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19 اگست 2025ء )وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ شمالی علاقوں میں گرمیوں میں درجہ حرات میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے،درجہ حرارت بڑھنے سے بادل برستے نہیں بلکہ پھٹ پڑتے ہیں۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شمالی علاقوں میں گرمیوں میں درجہ حرات میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث بادل برستا نہیں بلکہ پھٹ پڑتا ہے، جہاں پر بادل ہوتا ہے وہیں پر پھٹ کر سارا بادل کا پانی گر جاتا ہے، پہاڑی علاقوں میں پانی بہتا ہے اور تباہی مچا دیتا ہے، کچھ سال قبل سندھ میں بادل پھٹا تو وہاں کئی روز تک کھڑا رہا۔

دنیا کے 8 ممالک70فیصد کاربن پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں، ہونا یہ چاہیے جو ممالک تباہی پھیلا رہے ہیں وہ متاثرہ ممالک میں سرمایہ کاری کریں، لیکن بدقسمتی یہی سات آٹھ ممالک دنیا کی 85فیصد گرین فنانسنگ بھی لے رہے ہیں، تباہی بھی پھیلا رہے ہیں اور گرین فنانسنگ بھی لے رہے ہیں، 15فیصد فنڈز باقی ساری دنیا کے ممالک کو ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ایک دوغلا پن ہے، تباہی کاری کوئی اور کررہا ہے جبکہ تباہ کوئی اور ہورہا ہے۔

ماضی میں دنیا نے امداد کا اعلان کیا لیکن پاکستان کو صفر فیصد فنڈز ملے۔ کلاؤڈ برسٹ پاکستان میں ہی نہیں ٹیکساس میں بھی ہوا ۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تباہی دراصل عالمی ماحولیاتی بحران کا ایک سلسلہ ہے اور پاکستان کے عوام اس بحران کی سب سے بھاری قیمت ادا کررہے ہیں جبکہ وہ اس کے ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے لے کر ملک کے شمالی صوبوں تک ماحولیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں سے لے کر روزگار تک کو تباہ کررہی ہے اور یہ معاملہ مقامی یا علاقائی نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی ایمرجنسی ہے اور اس سلسلے میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آفت زدہ علاقوں میں ان مشکل حالات میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف اداروں اور پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور عزم لائقِ ستائش ہے۔

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان، عہدیداران، منتخب نمائندوں اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت دی کہ وہ پوری توانائی اور ہمدردی کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے بڑھیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے جیالے ہمیشہ عوام کے سب سے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور ایک بار پھر وہ اپنے عوامی مدد کے جذبے کے ساتھ صف اول میں متاثرین کی عملی مدد کریں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں پہلے ہی متاثرہ علاقوں کے لئے امداد روانہ کرچکی ہیں۔