پاکستان کے عوام عالمی ماحولیاتی بحران کے ذمہ دار نہیں لیکن پھر بھی بھاری قیمت ادا کررہے ہیں

بارشوں اور سیلاب کی تباہی دراصل عالمی ماحولیاتی بحران کا ایک سلسلہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں اور روزگار تک کو تباہ کررہی ہے، یہ معاملہ مقامی یا علاقائی نہیں، دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 اگست 2025 20:38

پاکستان کے عوام عالمی ماحولیاتی بحران کے ذمہ دار نہیں لیکن پھر بھی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19 اگست 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تباہی دراصل عالمی ماحولیاتی بحران کا ایک سلسلہ ہے اور پاکستان کے عوام اس بحران کی سب سے بھاری قیمت ادا کررہے ہیں جبکہ وہ اس کے ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے لے کر ملک کے شمالی صوبوں تک ماحولیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں سے لے کر روزگار تک کو تباہ کررہی ہے اور یہ معاملہ مقامی یا علاقائی نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی ایمرجنسی ہے اور اس سلسلے میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آفت زدہ علاقوں میں ان مشکل حالات میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف اداروں اور پاک فوج کے جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور عزم لائقِ ستائش ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان، عہدیداران، منتخب نمائندوں اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایت دی کہ وہ پوری توانائی اور ہمدردی کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے بڑھیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے جیالے ہمیشہ عوام کے سب سے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور ایک بار پھر وہ اپنے عوامی مدد کے جذبے کے ساتھ صف اول میں متاثرین کی عملی مدد کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں پہلے ہی متاثرہ علاقوں کے لئے امداد روانہ کرچکی ہیں۔ سندھ حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کے لئے 10 ٹرک راشن بیگز اور ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ بھیجا ہے جبکہ بلوچستان حکومت نے 1,500 خیبرپختونخوا اور 1,000 گلگت بلتستان کے متاثرہ خاندانوں کے لئے خیمے، کمبل، کھانے پکانے کے برتن اور بستر سمیت دیگر غیر غذائی اشیاء روانہ کی ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 2022 کے سیلاب کے دوران سندھ اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کے کردار کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی حکومتوں نے نہ صرف فوری ریلیف فراہم کیا بلکہ دنیا کا سب سے بڑا مفت رہائشی منصوبہ بھی شروع کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی مقامی حکومتیں سندھ اور بلوچستان میں عوام کی بحالی کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ حاصل کریں اور اگر وہ ان ماڈلز کو اپنے صوبوں میں نافذ کرنا چاہتی ہیں تو پاکستان پیپلزپارٹی ان کی مکمل رہنمائی اور تعاون کرے گی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ایک انسانی المیہ ہے جو اجتماعی کارروائی کا تقاضہ کرتا ہے، اس سلسلے میں صرف ریلیف کافی نہیں ہوگا بلکہ ہمیں طویل المدتی بحالی، منصوبہ بندی اور ماحولیاتی تبدیلی کے بنیادی اسباب کے حل کے لئے عالمی تعاون کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی اس میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔