Live Updates

سندھ حکومت کا بارشوں کے باعث کل کراچی میں سکول بند کرنے کا اعلان

کل کراچی میں نجی اور سرکاری سکول بند رہیں گے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں کی پریشانی کا احساس ہے، وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 اگست 2025 20:04

سندھ حکومت کا بارشوں کے باعث کل کراچی میں سکول بند کرنے کا اعلان
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19 اگست 2025ء )سندھ حکومت نے بارشوں کے باعث کل کراچی میں سکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کل کراچی میں نجی اور سرکاری سکول بند رہیں گے،کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، سڑکوں پر پانی موجود ہے، کچھ وقت لگے گا اور پانی نکل جائے گا۔شہریوں کی پریشانی کا احساس ہے۔

دوسری جانب محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے بالائی اضلاع میں سکولوں میں ایک ہفتہ کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خراب موسم کے باعث بالائی اضلاع کے تمام سکول 25 اگست تک بند رہیں گے۔واضح رہے خیبر پختونخوا میں چند روز سے سیلابی صورتحال ہے سیکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں ، کلاؤڈ برسٹ سے کئی گھر اور عمارتیں مسمار ہو چکی ہیں جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں بتایا گیا ہے کہ مری میں بھی 2 روز کے لیے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا، پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر مری انتظامیہ نے آئندہ 2 روز کے لیے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا، ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا کیوں کہ مری میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، آج بھی مری میں صبح سے اب تک تقریباً 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں سٹی ٹریفک پولیس نے مری جانے والے سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، سی ٹی او مری وسیم اختر نے سیاحوں کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کی جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر سیاح پہاڑی علاقوں کے سفر سے اجتناب کریں، مری میں بارش کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں، دوران ڈرائیونگ جلد بازی اور ڈبل لائن بنانے سے اجتناب کریں، دو طرفہ ٹریفک چلنے کی وجہ سے غلط اوور ٹیکنگ سے گریز کریں، دوران سفر سیاح اپنی گاڑی کو مناسب اور محفوظ جگہ پر پارک کریں، مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں لہذا غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات