کمشنر لورالائی کا بوائز ماڈل ہائی سکول موسیٰ خیل کا دورہ، تعلیمی سہولیات کا جائزہ

پیر 19 مئی 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) کمشنر لورالائی سعادت حسن نےڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) بلال شبیر کے ہمراہ بوائز ماڈل ہائی سکول موسیٰ خیل کا دورہ کیا۔سکول پہنچنے پر معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور روایتی پگڑیاں پہنا کر اپنی ثقافت اور مہمان نوازی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔

کمشنر لورالائی نے سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی اور حصول کے حوالے سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ بلال شبیر نے بھی سکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا اور طلباء کو دل لگا کر تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے گی۔کمشنر لورالائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بوائز ماڈل ہائی سکول موسیٰ خیل علاقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اہم ادارہ ہے اور وہ اس کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔سکول انتظامیہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں طلباء کو بہترین تعلیم فراہم کرنے میں صرف کریں گے۔

متعلقہ عنوان :