چیئر پرسن وزیر اعلیٰ سرویلنس ڈائریکٹوریٹ کا گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ،مریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا

منگل 20 مئی 2025 16:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) چیئر پرسن وزیر اعلیٰ پنجاب سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر)بابر علائو الدین نے گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں ٹی بی کےعلاج کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ترجمان ڈائریکٹوریٹ ونگ کےمطابق ٹی بی کے علاج کے سیکشن میں فراہم کی جانے والی قابل ستائش خدمات اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے عزم کو سراہتے ہوئے چیئر پرسن نے ان شعبوں کا بھی جائزہ لیا جہاں فوری بہتری کی ضرورت ہے بالخصوص صفائی، طبی آلات کی دیکھ بھال اور ڈیجیٹل ریکارڈ کا انتظام نمایاں ہیں۔

چیئر پرسن نے ہسپتال کے میل و فی میل ایمرجنسی وارڈز،فارمیسی سمیت جملہ شعبوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا،مریضوں کی عیادت کی، ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین کے مسائل سنے، سرکاری ادویات، طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کے رویے بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہارون حامد، میجر نوید اسلم (ر)، سٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی اور ہسپتال انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

چیئر پرسن نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور حکومتی ویژ ن کے مطابق ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو علاج معالجے کی تمام بنیادی سہولیات مفت فراہم کریں ۔انہوں نے وارڈز میں مریضوں سے ادویات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا،نرسری وارڈ میں بچوں کے علاج معالجے بارے ڈاکٹرز سے بریفنگ لی، میڈیکل ایمرجنسی میں مریضوں سے سہولیات بارے دریافت ، ایکسرے روم کا دورہ ،سرجیکل وارڈ،ٹراما سینٹر،سٹی سکین،پیڈز وارڈاور میڈیکل وارڈز میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ بابر علائو الدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے تحت شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں،مریضوں کو ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔