ڈپٹی کمشنرکوئٹہ کی زیرصدارت شہر کی خوبصورتی، صفائی، ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے اجلاس

منگل 20 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی کی زیر صدارت شہر کی خوبصورتی، صفائی، اور ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہر کے مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے، جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد وقار کاکڑ، ایس ایس پی ٹریفک بہرام مندوخیل، پی ڈی کوئٹہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ رفیق بلوچ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویڑن، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)، ڈپٹی ڈائریکٹر بیوٹیفکیشن پلان، چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام شامل تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی معروف مارکیٹیں جیسے لیاقت بازار، قندھاری بازار اور پرنس روڈ کو نو پارکنگ زون قرار دیا جائے گا، جہاں ہر قسم کی گاڑیوں اور ریڑھیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ٹریفک پولیس، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر کارروائی کریں گے۔ٹریفک کونز لگا کر عملہ تعینات کیا جائے گا تاکہ نو پارکنگ زون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

جناح روڈ کو منان چوک سے سرکلر روڈ تک شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کیا جائے گا تاکہ شہری سہولت سے خریداری کر سکیں اور ٹریفک دباو? کم ہو۔جوائنٹ روڈ پر تمام غیرقانونی ریڑھیاں فوری طور پر ہٹا کر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائے گا۔ تجاوزات کے خلاف بھی روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں گی۔لیاقت بازار، قندھاری بازار اور جوائنٹ روڈ پر دکانوں کے سامنے درختوں کے گملے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان گملوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری متعلقہ دکانداروں پر ہوگی تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مقامی تاجر بھی اپنا کردار ادا کریں۔شہر کے مرکزی کاروباری علاقوں کو ڈاؤن ٹاؤن زون قرار دے کر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اس کے متبادل کے طور پر الیکٹرک وہیکلز متعارف کروانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔نو پارکنگ زون کے علاوہ دیگر سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرنے پر فیس وصول کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد ٹریفک دباؤ کو کم اور شہر کو بہتر طریقے سے منظم کرنا ہے۔شہر میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ آئندہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے حدود میں وال چاکنگ کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ تمام غیرقانونی بینرز اور پوسٹرز فوری طور پر ہٹئیں۔

شہر میں بڑھتی ہوئی گداگری کے خلاف بھی کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔ عبدالستار روڈ پر دکانوں کے بورڈز کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ فرموں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم جاری رکھی جائے گی۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون نہ کرنے والے عملے کی تنخواہیں روک دی جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کوئٹہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرینگے۔ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر اسے صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہیں۔