Live Updates

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

اجلاس میں نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے مجوزہ منصوبوں پر بھی غوروخوص کیا گیا نئے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے وسیع تر عوامی مفاد کے ایسے منصوبے تجویز کئے جائیں جو دور رس اثرات کے حامل ہوں ترقیاتی فنڈ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے اس کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنانا ہے، ترقیاتی فنڈز صرف ان منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے جن کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچتا ہو،علی امین گنڈاپور

منگل 20 مئی 2025 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے، منگل کے روز ہونے والے سات گھنٹے طویل اجلاس میں مختلف محکموں کے جاری سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،ان محکموں میں اعلیٰ تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، زراعت، ریونیو اور مواصلات و تعمیرات شامل ہیں۔

متعلقہ کابینہ اراکین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کی طرف سے اپنے محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے مجوزہ منصوبوں پر بھی غوروخوص کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو رواں مالی سال کے آخر تک جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے مقررہ ہدف کا حصول یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے، مالی سال کے آخر تک ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری کردہ فنڈز کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

مزید برآں انہوں نے اگلے بجٹ میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو پہلی ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن منصوبوں پر 80 فیصد یا اس سے زیادہ پیشرفت ہو چکی ہے انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ نئے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کیلئے وسیع تر عوامی مفاد کے ایسے منصوبے تجویز کئے جائیں جو دور رس اثرات کے حامل ہوں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے اس کا دانشمندانہ استعمال یقینی بنانا ہے، ترقیاتی فنڈز صرف ان منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے جن کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچتا ہو۔ وزیر اعلیٰ نے فوڈ سکیورٹی کو نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کا ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے بروقت اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، لائیو اسٹاک کا شعبہ اس سلسلے میں اہمیت کا حامل ہے جو غذائی خود کفالت میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کی استعداد سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ اگلے ترقیاتی پروگرام کیلئے لائیو اسٹاک کے شعبے کیلئے ایسے منصوبے تجویز کئے جائیں جو پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگا کے مواقع بھی پیدا کرسکیں۔ انہوں تاکید کی کہ صوبے میں زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بہت زیادہ پوٹنشیلز موجود ہیں، ان سے بھر پور انداز میں استفادہ کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں، زراعت کے شعبے میں ٹنل فارمنگ، اور ورٹیکل فارمنگ جیسے جدید طریقے متعارف کروائے جائیں۔

وزیر اعلی نے زراعت کے شعبے میں جدید تحقیق کے فروغ اور آبی وسائل کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح انہوں نے ٹھوس اور حقائق پر مبنی اعدادوشمار کی دستیابی کیلئے دیگر شعبوں کی طرح لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں بھی ڈیجیٹائزیشن کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے روڈ سیکٹر میں تکمیل کے قریب تمام اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نئے ترقیاتی پروگرام کی تیاری کیلئے منتخب عوامی نمائندوں سے مشاورت کر رہے ہیں، مقامی نمائندے عوام کی ضروریات سے آگاہ ہیں، ہم عوامی ضرورت کی بنیاد پر اگلے ترقیاتی پروگرام میں نئی اسکیمیں شامل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے صحت اور تعلیم کو اپنی حکومت کے ترجیحی شعبے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگلے بجٹ میں ان شعبوں پر زیادہ سرمایہ کاری کریں گے، پہلے سے قائم صحت مراکز خصوصاً دور افتادہ علاقوں کے مراکز میں سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے عوام کی سہولت کیلئے ریونیو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور سروس ڈیلیوری سنٹرز کے قیام کو انتہائی ضروری اور صوبائی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں جلد مکمل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات