غزہ کے لیے امدادی ٹرک رفح کراسنگ پر رکے ہوئے ہیں،مصر

ہماری طرف سے کراسنگ کھلی جبکہ دوسری طرف سے بند ہے،حکام کی گفتگو

بدھ 21 مئی 2025 11:05

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)ایک طرف اقوام متحدہ نے غزہ کے لیے تقریبا 100 امدادی ٹرکوں کی آمد کی منظوری کا اعلان کیا ہے اور دعوی کیا ہے کہ مزید ٹرکوں کو بھیداخلے کی اجازت دی گئی ہے، ساتھ ہی تمام رکے ہوئے ٹرکوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت دینے کی بھی بات کی گئی ہے، تاہم زمینی صورتحال اس سے مختلف دکھائی دیتی ہے۔شمالی سینا کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر خالد مجاور نے عرب ٹی وی کو بتایا کہ رفح کراسنگ مصرکی جانب سے کھلا ہے، مگر دوسری طرف سے بند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک کراسنگ رفح کے ذریعے کوئی بھی امداد غزہ میں داخل نہیں ہوئی۔انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مصری سرحد سے امداد کے داخلے کے حوالے سے کسی قسم کی پیش رفت یا اشارہ موجود نہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق مصر کا مذاکراتی وفد قطر میں موجود مختلف فریقین کے ساتھ مل کر سیز فائر اور امداد کے داخلے کی بحالی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔

گورنر نے بتایا کہ امدادی سامان متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کی طرف سے مصر پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رفح گذرگاہ امداد کی ترسیل کے لیے مکمل تیار ہے، صرف سیاسی اتفاق رائے کا انتظار ہے تاکہ امداد اندر بھیجی جا سکے۔مزید تفصیلات بتاتے ہوئے جزیرہ نما سینا کے گورنر نے کہا کہ امدادی ٹرک سینا میں لاجسٹک زون اور ہلالِ احمر کے گوداموں میں موجود ہیں اور مکمل طور پر تیار کھڑے ہیں۔

ان کے مطابق لاجسٹک زون رفح سے محض دس منٹ کے فاصلے پر ہے، جبکہ ہلالِ احمر کے گودام شہر العریش میں واقع ہیں، جو رفح کراسنگ سے تقریبا 45 کلومیٹر دور ہیں، یعنی ٹرک بیس منٹ میں وہاں پہنچ سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فلسطینی زخمیوں، مریضوں اور ان کے ہمراہ افراد کے استقبال کے لیے طبی عملہ اور ایمبولینسز ہر وقت مستعد ہیں، بس کراسنگ کے دوسری طرف سے کھلنے کا انتظار ہے۔