جنوب میں انتخابات کے دوران اسرائیلی بم باری روکنے کے لیے رابطے جاری ہیں ، لبنان

بدھ 21 مئی 2025 12:06

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)لبنانی وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے تصدیق کی ہے کہ حکومت جنوبی لبنان میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کسی بھی ممکنہ اسرائیلی بم باری کو روکنے کے لیے ضروری سفارتی رابطے کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کے بعد انھوں نے کہا میں ایک بار پھر وہی بات دہراتا ہوں جو پہلے کئی بار کہی ہے، کہ لبنانی ریاست کا فیصلہ بالکل واضح ہے ... جنوبی سرزمین پر اپنی خود مختاری پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگرچہ جنوبی لبنان کا ایک حصہ اب بھی مقبوضہ ہے اور اسرائیلی خلاف ورزیاں اور حملے مسلسل جاری ہیں، تاہم لبنانی ریاست اور حکومت ... صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی قیادت میں تمام ضروری رابطے کر رہی ہے۔