Live Updates

بھارت نے پانی روکا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، ملک امام الدین شوقین

بدھ 21 مئی 2025 16:03

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) سابق سینیٹر، ممتاز صنعتکار اور چیئرمین پاپولر گروپ آف انڈسٹریز ملک امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہےاور اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکا تو اسے بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کا پاکستان کی بہادر افواج نے جرات مندی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ جواب دیا، اور آئندہ بھی وطن عزیز پر کسی بھی جارح اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دشمن کو منہ توڑ جواب دینا ہماری افواج کی روایت ہے۔ ملک امام الدین شوقین نےٹنڈوآدم کے ڈاکٹر ضیاءالدین پرائمری سکول کے سابق طلبہ اور سماجی رہنما سید اقبال علی کی جانب سے غیر مسلم خاندانوں میں راشن بیگز اور واٹر کولر کی تقسیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے پاکستان کا نرم اور انسان دوست چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت جو خود کو سیکولر ریاست کہلاتا ہے، وہاں نہ مسلمان محفوظ ہیں، نہ سکھ، نہ عیسائی اور نہ ہی نچلی ذات کے ہندو، جبکہ پاکستان میں اقلیتوں کی خدمت کو عبادت سمجھا جاتا ہے۔ پاکستانی عوام اپنے اقلیتی بھائیوں کی کھل کر مدد کرتے ہیں، جو ملکی اتحاد، یگانگت اور رواداری کی بہترین مثال ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات