امریکہ کا جدید ترین دفاعی سسٹم بنانے کا اعلان، گولڈن ڈوم خلا سے داغے گئے میزائل بھی روک سکے گا

یہ نظام زمین، سمندر اور خلا میں جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مشتمل ہوگا، اس نظام کے تحت خلا میں سینسرز اور انٹرسیپٹرز بھی لگائے جائں گے؛ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 13:59

امریکہ کا جدید ترین دفاعی سسٹم بنانے کا اعلان، گولڈن ڈوم خلا سے داغے ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 175 ارب ڈالرز کی لاگت سے جدید ترین دفاعی نظام گولڈن ڈوم بنانے کا اعلان کردیا جو خلا سے داغے گئے میزائل بھی روک سکے گا تاہم سرکاری اندازاوں کے مطابق آنے والی دہائیوں میں اس منصوبے کی لاگت بڑھ کر کہیں زیادہ ہو جائے گی۔ اس منصوبے کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکہ کو جدید میزائلوں اور دیگر فضائی خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے ’گولڈن ڈوم‘ میزائل ڈیفنس سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی ہے، یہ جدید دفاعی نظام ان کے دورِ صدارت کے ختم ہونے سے پہلے ہی تیار ہو جائے گا، ابتدائی طور پر اس منصوبے کے لیے 25 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں، اس کی کل لاگت 175 ارب ڈالرز آئے گی۔

پینٹاگون حکام خبردار کرتے آئے ہیں کہ امریکہ کا موجودہ دفاعی نظام چین اور روس کے جدید میزائلوں سے مطابقت نہیں رکھتا، اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ دراصل یہاں کوئی اس طرز کا جامع سسٹم ہے ہی نہیں، ہمارے پاس مخصوص میزائل ہیں، میزائلوں سے دفاع کرسکتے ہیں لیکن کوئی جامع نظام نہیں، ایسا کبھی بھی کچھ نہیں رہا، امریکی سپیس فورس کے جنرل مائیکل گیوٹلین اس منصوبے کی نگرانی کریں گے، جنرل گیوٹلین سپیس فورس کے خلائی آپریشن کے وائس چیف ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے کہا کہ یہ نظام زمین، سمندر اور خلا میں جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مشتمل ہوگا، اس نظام کے تحت خلا میں سینسرز اور انٹرسیپٹرز بھی لگائے جائں گے، گولڈن ڈوم منصوبہ دنیا کے دوسرے کونے یا خلا سے لانچ کیے جانے والے میزائل کو بھی روک سکے گا، یہ نظام آواز کی رفتار سے تیز ہائپرسونک میزائلوں اور خلا سے بمباری کرنے والے نظام سے بھی تحفظ فراہم کرسکے گا، اس نظام کی کامیابی کی شرح تقریباً 100 فیصد ہے۔