انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 43کروڑ سے زائد کی منشیات برآمد،6ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا

بدھ 21 مئی 2025 16:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء) ملک بھر میں انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 43 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور اس دوران 9مختلف کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

آپریشنز کے دوران 43کروڑ 44لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 2294.81کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے سامان سے 4.5کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ ادھر چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں کوریئر آفس میں ہالینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 40 گرام MDMAپائوڈر برآمد کیا گیا۔علاوہ ازیں ہربنس پورہ، لاہور میں کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے 2پارسلز میں موجود جوتوں سے 470گرام آئس برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

گوجرہ بس اسٹیشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب ملزم کے قبضے سے 2.4کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ چند دا قلعہ، گجرانوالہ کے قریب رکشہ میں سوار خاتون سمیت 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی نشاہدہی پر واپڈا ٹان گجرانولہ میں واقع گھر سے دوران تلاشی 2.4کلوگرام افیون اور 15کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ادھر ہزار گنجی کوئٹہ کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 300کلوگرام افیون برآمد کرلی گئی۔ ضلع چاغی کے غیر آباد علاقے کوہ سلطان میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 1970کلوگرام افیون برآمد کرلی گئی۔تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔