عارف علوی اور اہلخانہ کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے پر فریقین سے جواب طلب

پوری فیملی کے اکاﺅنٹس منجمد کرنے سے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے مشکل ہوگئے ہیں.وکیل کے دلائل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 مئی 2025 16:16

عارف علوی اور اہلخانہ کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے پر فریقین سے جواب ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 21 مئی ۔2025 )سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے اہلخانہ کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کرنے پر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عارف علوی کے وکیل نے بتایا کہ سابق صدر مملکت، اہلیہ اور بچوں کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، ایف آئی اے نے انکوائری کی بنیاد پر پوری فیملی کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیتے ہیں. اس پر وکیل نے کہا کہ پوری فیملی کے اکاﺅنٹس منجمد کرنے سے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے مشکل ہوگئے ہیں عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو بھی تو فیس کی ادائیگی کی گئی ہوگی جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ کیس بغیر فیس کے لڑ رہا ہوں، عدالت نے کہا کہ فریقین کے جواب آنے دیں پھر دیکھتے ہیں بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون کو جواب طلب کر لیا.