لاہورسے فیصل آباد جانیوالی شالیمار ایکسپریس ٹرین حادثہ کا شکار، 25 مسافر زخمی ہوگئے، ترجمان ریلوے

بدھ 21 مئی 2025 17:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) لاہور سے فیصل آباد جانیوالی شالیمار ایکسپریس ٹرین حادثہ کا شکار، 25 مسافر زخمی ہوگئے۔ ریلوے ترجمان کے مطابق تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ 142 رب چھوٹی گھڑتل کے قریب ریلوے کے کچے پھاٹک پر مسافر بردار ٹرین ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر پٹری سے اتر گئی۔حادثہ میں ٹرین ڈرائیور اور اسکے اسسٹنٹ سمیت 25سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔

شالیمار ایکسپریس ٹرین تقریبا 4ً بجے صبح فیصل آباد سے لاہور جارہی تھی کہ 142 رب چھوٹی گھڑتل کے قریب ریلوے کے کچے پھاٹک پر تیل ختم ہونے کے باعث پھنسی اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، حادثہ ٹریکٹر کا تیل ختم ہونے کے باعث پیش آیا جس میں ٹرین ڈرائیور اور اسکے اسسٹنٹ سمیت 20 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ٹرین کی 2 بوگیاں ریلوے ٹریک سے تقریباً ایک کلومیٹر نیچے اتر گئیں،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے زیادہ زخمی ہونیوالے افراد کو طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال چک جھمرہ منتقل کردیا۔ حادثہ کی وجہ سے ساہیانوالہ سے سالار والہ تک کا ریلوے ٹریک ٹوٹنے کے باعث فیصل آباد سے لاہور اور وزیر آباد کے لیئے تمام ریلوے ٹریفک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ ترجمان طارق جٹ نے بتایا کہ فیصل آباد کے تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ چھوٹی گھڑتل142ر ب پھاٹک کے قریب ٹرین حادثہ کے معاملہ پر نوٹس لیکر سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے پولیس افسران کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایات کیں۔متعلقہ پولیس ریلوے حکام کے ساتھ مل کر حادثہ کی تحقیقات میں مصروف ہیں ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا مقامی پولیس نے ٹر الی اور ٹریکٹر کوتحویل میں لے لیا ہے۔