Live Updates

عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی

فیلڈ مارشل کا عہدہ دفاع وطن کی خاطرجنرل سید عاصم منیر کی خدمات کا بر ملا اعتراف ہے ‘ طاہر ثقلین بٹ

بدھ 21 مئی 2025 17:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور اور کریانہ ریٹیلرز ایسوسی ایشن پنجاب کی جانب سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ اس سلسلے میں مشترکہ اجلاس کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے جنرل عاصم منیر اور ساری قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ۔

مرکزی صدر طاہر ثقلین بٹ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سرپرست حاجی طارق فیروز ، چیئرمین رانا منظور، چودھری لیاقت ،سینئر نائب صدورحاجی رمضان ، حاجی نواز، چودھری لیاقت، ابو بکر،ملک وسیم ، محمد شاہد، اشرف تابانی، خالد رشید، مقصود الرحمن بھٹی،میاں شکیل، سیکرٹری کوارڈی نیشن محمد بوٹا ساجد اور ذیشان غفور سمیت تاجروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ دفاع وطن کی خاطرجنرل سید عاصم منیر کی خدمات کا بر ملا اعتراف ہے ،آپریشن بنیان مرصوص کی اعلی حکمت عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کو ساری قوم سراہتی ہے ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کڑے وقت میں ثابت قدم رہے اور شاندار کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے پاکستان تاریخ کے انتہائی نازک چیلنج میں سر خرو ہوا اور دنیا میں اس کے نام کا ڈنکا بجا ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے بے مثال شجاعت، بہادریاور عزم کے ساتھ ملک کے دفاع کی قیادت کی جس کی وجہ سے ان کا نام تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات