Live Updates

لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد

بدھ 21 مئی 2025 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس اہم ترین پیشرفت کو قومی فخر، فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی پاکستان کی خودمختاری، استحکام اور امن کے لیے انتھک کوششوں کا اعتراف قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی جانب سے قانون و انصاف کی حکمرانی، سیکیورٹی اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی، اور مشکل حالات میں ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کردار کو بے حد سراہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور سرحد پار خطرات جیسے سنگین مسائل کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے جنہوں نے قومی ترقی اور کاروباری ماحول کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے کہا کہ دہشت گردی نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ معاشی سرگرمیوں کو مفلوج کرتی ہے، تجارت میں رکاوٹ پیدا کرتی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح کرتی ہے۔ ایک پرامن اور محفوظ پاکستان ہی سرمایہ کاری کو فروغ دینے، برآمدات میں اضافے اور صنعتی ترقی کے لیے بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ایک نیا سفر شروع کرے گا۔ صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میا ںابوذر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر اور کاروباری برادری پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات