نائب وزیراعظم کی چینی فی کلو پرچون164 روپے کرنے کی سخت ہدایات کے باوجود قیمت میں کمی نہ ہو سکی

ملک بھر کی اوپن مارکیٹوں میں مختلف مقامات چینی 180 سے 185روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے

جمعرات 22 مئی 2025 17:37

نائب وزیراعظم کی چینی فی کلو پرچون164 روپے کرنے کی سخت ہدایات کے باوجود ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 164روپے کرنے کی سخت ہدایات کے باوجود چینی کی قیمت میں کمی نہ ہو سکی ہے، ملک کے مختلف مقامات پر اوپن مارکیٹوں میں چینی 180سے 185روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے ۔رواں سال کے آغاز میں ملک بھر میں میں چینی کی قیمت 140روپے تھی جبکہ منڈیوں میں چینی کے 50کلو والے تھیلے کی قیمت 6ہزار 200روپے تھی، اب پرچون میں فی کلو قیمت 180سے 185روپے ہو گئی ہے جبکہ 50کلو والے تھیلے کی قیمت 1800روپے بڑھ کر 8ہزار 600روپے ہو گئی ہے۔

حکومت نے ملک بھر میں چینی کی اضافی مقدار موجود ہونے اور قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کی یقین دہانی پر گزشتہ سال جون سے اکتوبر 2024کے دوران 7لاکھ 50ہزار ٹن اور اکتوبر کے بعد 5لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی تھی، رواں مالی سال کے 7ماہ کے دوران سب سے زیادہ افغانستان کو 26کروڑ 27لاکھ ڈالر مالیت کی چینی ایکسپورٹ کی گئی ۔

(جاری ہے)

14مئی کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت چینی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا تھا جس میں اسحاق ڈار نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کو چینی کی قیمت فوری کم کرنے کا حکم دیا تھا، اسحاق ڈار نے چینی کا ایکس مل ریٹ 164روپے فی کلو سے کم کرکہ 159روپے تک لانے کا حکم دیا تھا جس پر تاحال عمل نہیں ہو سکا ۔

اس سے قبل 19مارچ 2025 کو بھی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیا تھا اور حکم دیا تھا کہ اب سے ریٹیل قیمت 164روپے فی کلو جبکہ ایکس ملز قیمت 159 روپے فی کلو رہے گی تاہم 2ماہ گزرنے کے باوجود چینی کی قیمتوں میں کمی نہیں ہو سکی ہے۔دوسری جانب دکانداروں کا موقف ہے کہ ہم 172روپے فی کلو کے حساب سے منڈیوں سے خریداری کر رہے ہیں پھر اس پر اخراجات اور کرائے علیحدہ ہیں،کیسے ہم چینی 164 روپے فی کلو میں فروخت کر سکتے ہیں۔