Live Updates

آباد نے حکومت کو آئندہ بجٹ کیلئے تجاویز پیش کردیں، ٹیکس اصلاحات پر زور

بلڈرز سے خریداروں کو پراپرٹی کی منتقلی پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ ٹیکس ریٹ 0.5 فیصد مقرر کیا جائے،تجاویز

جمعرات 22 مئی 2025 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)نے آئندہ مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ کے لیے جامع تجاویز پیش کرتے ہوئے ٹیکس پالیسیوں میں تسلسل، نرمی اور شفافیت پر زور دیا ہے۔آباد کے چیئرمین حسن بخشی نے کہا کہ ٹیکس پالیسی میں کم از کم 15 سال کا تسلسل ہونا چاہیے تاکہ سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے قوانین میں اصلاحات اور پراپرٹی سیکٹر میں پیچیدگیاں ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تجاویز کے مطابق بلڈرز سے خریداروں کو پراپرٹی کی منتقلی پر عائد ایڈوانس ٹیکس ختم کیا جائے، جب کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکس ریٹ 0.5 فیصد مقرر کیا جائے۔حسن بخشی نے کہا کہ کراچی میں نافذ فرضی آمدن ٹیکس معقولیت سے عاری ہے، جسے فوری ختم کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ فی رقبہ ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے۔آباد نے کیپیٹل گین ٹیکس کو ہولڈنگ پیریڈ کی بنیاد پر دوبارہ بحال کرنے، ٹیکس ریفنڈ کی منتقلی کے لیے درکار تحریری منظوری کا تقاضہ ختم کرنے اور بجٹ سے پہلے پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبلز میں موجود تضادات دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس کے ساتھ ہی ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور اوورسیز پاکستانیوں کی ڈالروں سے خریدی گئی جائیداد پر غیر منصفانہ ٹرانسفر ٹیکس ختم کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ اگر بجٹ 2025-26 میں ٹیکس اصلاحات کو شامل کر لیا جائے تو اس سے معیشت کو مستحکم اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات