منڈی بہاوالدین، ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے ملزمان گرفتار کر لئے، ترجمان ایف آئی اے

جمعرات 22 مئی 2025 22:38

منڈی بہاؤالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی سمگلر سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتاریاں منڈی بہاؤالدین، گجرات، شیخوپورہ اور وزیر آباد میں مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران عمل میں آئیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد سعید عرف سعید سنیارا، محمد ادریس، محمد سلطان ارش، محمد برہان رضا اور نعیم نواز شامل ہیں۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب ملزم محمد سعید عرف سنیارا کو گجرات سے گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم پر الزام ہے کہ وہ جون 2023 میں پیش آئے لیبیا/یونان کشتی حادثے میں ملوث رہا، جس میں درجنوں پاکستانی جاں بحق ہوئے۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے گلبرگ کالونی گجرات میں غیر قانونی ذرائع سے 8 مرلہ زمین خریدی۔ اس کے خلاف انسانی سمگلنگ کے 12 سے زائد مقدمات درج ہیں، اور اس نے کشتی حادثے کے متاثرین کے لواحقین سے بھی بھاری رقوم بٹوریں۔جبکہ شیخوپورہ سے گرفتار ہونے والے محمد ادریس نے شہریوں کو فرانس کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر 35 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے۔

وزیر آباد سے گرفتار سلطان ارش پر الزام ہے کہ اس نے کینیڈا میں ملازمت دلوانے کے نام پر شہری سے 20 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے۔گوجرانوالہ سے گرفتار محمد برہان رضا نے ایک شہری کو جرمنی بھجوانے کے عوض 15 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی۔منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ سے گرفتار ملزم نعیم نواز نے البانیہ میں ملازمت کا لالچ دے کر ایک شہری سے 4 لاکھ روپے لیے۔ ترجمان ایف آئی اے نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بیرون ملک ملازمت کے لیے قانونی ذرائع سے رجوع کریں۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔\378