وفاق ،صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں‘ آصف زرداری

جمعہ 30 مئی 2025 23:01

وفاق ،صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)صدرمملکت آصف علی زرداری سے گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ملاقات کی ،اس موقع پر ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، موصلاتی نظام کی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور نواب شہزاد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرعبد العلیم خان نے صدرمملکت آصف علی زرداری کو وزارتِ مواصلات کی جاری اور مجوزہ منصوبوں پر آگاہی دی ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے جدید اور پائیدار مواصلاتی نظام ناگزیر ہے،ترقیاتی منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی رفتار تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں، وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل قومی مفاد میں ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام اداروں کو باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔