ّصوبائی وزیر ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین کی فیصل آباد آمد

جمعرات 22 مئی 2025 21:10

<لاہورِ،فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی مانیٹرنگ کا ٹاسک ملنے پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین فیصل آباد پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ،اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی زیر صدارت واسا، ایف ڈی اے کے جاری پراجیکٹس اور پی ایچ اے کے بیوٹیفکیشن پلان بارے ڈی سی دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقدہوا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر و دیگر سرکاری محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔واسا، ایف ڈی اے، پی ایچ اے کے افسران کی جانب سے کام کی رفتار بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے جاری کاموں کی رفتار پر اظہار اطمینان کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ملک پور نعمت آباد میں اپنی چھت اپنا گھر کے پروجیکٹ کا معائنہ کیا۔بلال یاسین اخوت کے دفتر بھی گئے چیئرمین امجد ساقب نے تنظیم کی جانب سے فراہم کئے جانے والے قرضوں بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت رواں مالی سال کے اختتام تک صوبہ میں 40 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔اپنی چھت اپنا گھر پروگرام وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا تاریخی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ کم آمدن افراد کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جائے تاکہ اپنے گھر کا خواب پورا ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور بروقت مکمل ہونا چاہیے۔اپنی چھت اپنا گھر پروگرام وزیراعلی پنجاب کے دل کے قریب ہے اوروہ اسے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہی ہیں۔ اجلاس میں سابق اراکین صوبائی اسمبلی میاں طاہر جمیل، میاں منان، میاں عرفان منان،فقیر حسین ڈوگر، حاجی اکرم انصاری، رانا علی عباس اور مہر حامد رشید کے علاوہ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔

دریں اثنائ صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور ایف ڈی اے میں اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کے رئیل ٹائم اجرائ کے سسٹم کا افتتاح کر دیا۔ اس سسٹم کے تحت پراپرٹی مالکان کی سہولت کے لئے آن سپاٹ اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ جاری ہوں گے۔صوبائی وزیر کا اس موقع پر کہنا تھاکہ محکموں کی طرف تیز رفتار سروس ڈیلیوری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویڑن ہے۔

ایف ڈی اے کی سروسز میں جدید اصلاحات قابل ستائش ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بتایاکہ ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سمیت تیز رفتار عوامی ریلیف کے لئے متعدد جدید اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ پراپرٹی مالکان کی آسانی کے لئے اونر شپ کلیئرنس سرٹیفیکیٹ کا رئیل ٹائم اجرائ جدت کی جانب اہم قدم ہے۔