برطانیہ میں 2024 کے دوران امیگریشن میں کمی، آدھی ہو کر 4 لاکھ 31 ہزار پر آ گئی

جمعہ 23 مئی 2025 08:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) برطانیہ میں 2024 کے دوران امیگریشن میں کمی آدھی ہو کر 4 لاکھ 31 ہزار پر آ گئی۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 2024 کے دوران مہاجرت آدھی ہو کر 431,000 پر آ گئی جو کہ شدید تنقید کی زد میں آئے وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے لیے خوش آئند خبر سمجھی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے دفتر شماریات (اواین ایس) کے مطابق 2024 کے آخر تک خالص مہاجرت کی تعداد 431,000 تھی، جو دسمبر 2023 کے اختتام تک ریکارڈ کی گئی 860,000 کی تعداد سے نمایاں طور پر کم ہے۔یہ کورونا وبا کے بعد خالص مہاجرت میں سب سے بڑی کمی ہے۔او این ایس نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا کہ طویل مدتی خالص مہاجرت تقریباً 50 فیصد کم ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق کام اور تعلیم کے ویزوں پر برطانیہ آنے والوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔مزید یہ کہ 2024 کے اختتام تک ان ویزوں پر آئے افراد کی واپسی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔