Live Updates

چینی کمپنیاں زراعت،کنسٹرکشن، صحت،سیاحت،لائیو سٹاک و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی۔چوہدری شافع حسین

جمعہ 23 مئی 2025 16:03

چینی کمپنیاں زراعت،کنسٹرکشن، صحت،سیاحت،لائیو سٹاک و دیگر شعبوں میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے صوبے حونان کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔پپسک ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور پاکستان۔حونان چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کا معاہدہ بھی ہوا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور پاکستان۔حونان چیمبر آف کامرس کی صدر حو ذو ہلنگ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔معاہدے کی رو سے پاکستان۔حونان چیمبر آف کامرس پنجاب میں چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرے گا ،چینی کمپنیاں پنجاب میں ای وی سیکٹر،زراعت،کنسٹرکشن، صحت،سیاحت،لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت لاہور اور چین کے شہر چانگشاہ کے مابین تجارتی،ثقافتی اور سماجی تعاون بڑھایا جائے گا۔مشترکہ طور پر چائنا۔پاکستان کمرشل ٹائونز اور انڈسٹریل پارکس بنائے جائیں گے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت اور پاکستان۔حونان چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے۔

معاہدے پر عملدرآمد سے پنجاب میں چین کی مزید کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا اور صنعت کاری کا عمل تیز کرنا میرا مشن ہے،اسی مقصد کیلئے میں نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا ہے جہاں چین کے بڑے سرمایہ کار گروپوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئی ہیں اور چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں آمادگی ظاہر کی ہے۔چین کے سرمایہ کاروں کے وفد میں پاکستان۔حونان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر،جنرل سیکرٹری اور دیگر شامل تھے جبکہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات