وزیر اعلی انٹرن شپ پروگرام کے تحت پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کا سلسلہ جاری

جمعہ 23 مئی 2025 19:31

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انٹرن شپ پروگرام کے تحت پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان میں نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت 21 مرد اور 4 خواتین انٹرنیز کو چھ ماہ پر مشتمل خصوصی تربیتی کورس کروایا جا رہا ہے۔تربیت کے دوران انٹرنیز کو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل سے متعلق جدید مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں جن میں مصنوعی تنفس (CPR)، بہتے خون کو روکنا، فریکچر مینجمنٹ، پانی میں ڈوبنے والوں کو بچانا، آگ بجھانے کی تکنیک، ڈی سی پی سلنڈر کا استعمال، بڑے سانحے کی صورت میں مریضوں کی درجہ بندی (Triage)، ہنگامی انخلاء کے طریقے، ذاتی صفائی، اور بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال نے انٹرنیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ریسکیو 1122 کے کمیونٹی سیفٹی اینڈ ٹریننگ پروگرام کا مقصد ایک تربیت یافتہ سول سوسائٹی تیار کرنا ہے جو کسی بھی ایمرجنسی یا حادثے کی صورت میں ابتدائی مدد فراہم کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزمرہ زندگی میں حادثات کی روک تھام کے لیے عوامی شعور اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت نہایت اہم ہے اور اس انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو عملی میدان میں کام کرنے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔پروگرام میں شریک انٹرنیز نے بھی تربیتی مواقع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ تربیت نہ صرف ان کے کیریئر کے لیے مفید ہے بلکہ معاشرتی خدمت کا جذبہ بھی بیدار کرتی ہے۔