زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے موسم سرما 26-2025 کیلئے پوسٹ گریجوایٹ داخلوں کا اجراکر دیا

جمعہ 23 مئی 2025 19:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے موسم سرما 26-2025کیلئے پوسٹ گریجوایٹ داخلوں کا اجراء کر دیا ہے ،جن میں ایم ایس، ایم ایس سی (آنرز)، ایم فل، ایم بی اے اور پی ایچ ڈی پروگرام شامل ہیں، دلچسپی رکھنے والے طلبا و طالبات 27 مئی 2025 سے 16 جون 2025 تک پہلے انٹری ٹیسٹ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

پہلا انٹری ٹیسٹ 22 جون 2025 کو منعقد کیا جائے گا۔ ڈگری پروگرامز، اہلیت کے معیار، فیس کے ڈھانچے اور آن لائن درخواست کے عمل کے بارے میں مزید معلومات کے لیے امیدوار www.uaf.edu.pk، postgraduate.uaf.edu.pk پر وزٹ کریں یا 9200189-041-0419200161 ایکسٹینشن 3701، 3702، 3703 پر کال کریں یا ای میل کریں: [email protected]۔ایسے طلبا جنہیں اپنے ٹرمینل ڈگری کے 7ویں سمسٹر کے نتائج موصول ہو چکے ہیں، وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فیس کی ادائیگی موبائل ایپس یا آن لائن ٹرانزیکشنز کے ذریعے نہ کریں۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ زرعی یونیورسٹی کا شمار کیو ایس رینکنگ کے مطابق جنگلات و زراعت کے مضامین میں دنیا کی 34 بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔ برصغیر کی اولین زرعی دانش گاہ ہونے کے ناطے اس کے چشمہ فیض سے لاکھوں طلبہ مستفید ہو کر زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔