نہم جماعت میں جنرل ریاضی کا مضمون ختم ،پیکٹا کا اہم تعلیمی فیصلہ

جمعہ 25 جولائی 2025 22:28

نہم جماعت میں جنرل ریاضی کا مضمون ختم ،پیکٹا کا اہم تعلیمی فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء) پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک اتھارٹی (پیکٹا) نے ایک اہم تعلیمی فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں نہم جماعت کے لیے یکساں ریاضی نصاب نافذ کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ’’جنرل ریاضی‘‘کا مضمون مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر کریکلم عامر ریاض کے مطابق، اب جماعت نہم کے تمام طلبہ صرف ''ریاضی (سائنس)'' پڑھیں گے، چاہے وہ سائنس گروپ میں ہوں یا آرٹس گروپ میں۔

نئے تعلیمی سال سے نہم جماعت کی تمام کلاسز کے لیے ایک ہی ریاضی کی کتاب پڑھائی جائے گی۔پیکٹا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام میٹرک کے نصاب میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ تمام طلبہ کو یکساں تعلیمی مواد مہیا کیا جا سکے۔ اس پالیسی کو وفاقی حکومت کے طرز پر ترتیب دیا گیا ہے جہاں پہلے ہی ''جنرل ریاضی'' کو ختم کر کے یکساں ریاضی کا نصاب رائج کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر پیکٹا، سید صغیر الحسینین کی جانب سے اس فیصلے کی باضابطہ اطلاع تمام تعلیمی اداروں کو مراسلہ بھجوا کر دی گئی ہے تاکہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ فیصلہ تعلیم میں معیاری یکسانیت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم بعض تعلیمی ماہرین کی جانب سے اس پر مشاورت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :