کے ڈی اے کو متبادل پلاٹس کیلئے درخواستیں جمع کرانے والوں کیلئے پالیسی مرتب کی جائے گی ،سعید غنی

پنشن کی ادائیگی کے لئے گرانٹ کی منظوری کے لئے فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جو تحفظات بتائے گئے ہیں اس کو دور کیا جائے،وزیر بلدیات سندھ

جمعہ 23 مئی 2025 19:52

کے ڈی اے کو متبادل پلاٹس کیلئے درخواستیں جمع کرانے والوں کیلئے پالیسی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی ای)سعید غنی نے کہا ہے کہ کے ڈی اے میں جن جن لوگوں کو متبادل پلاٹس کے لئے درخواستیں جمع ہیں اس کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے آئندہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں لایا جائے تاکہ ان تمام کیسز کا فیصلہ کیا جاسکے۔ کے ڈی اے کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور پنشن کی ادائیگی کے لئے گرانٹ کی منظوری کے لئے فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جو تحفظات بتائے گئے ہیں اس کو دور کیا جائے۔

سی بی اے کے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کے حوالے سے گورننگ باڈی کے پاس ایکٹ میں کوئی خلاصہ نہیں ہے اور نہ ہی آج کے اجلاس میں اس حوالے سے کوئی ورکنگ پیپرز ساتھ منسلک ہیں اس لئے اس کو تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرکے آئندہ اجلاس میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے 1198 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ممبران گورننگ باڈی ایم پی اے علی احمد جان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ ڈاکٹر وسیم شمشاد، ڈی جی کے ڈی اے الطاف گوہر میمن، سیکرٹری ارشد خان، چیف انجنئیر عبدالصمد جندانی، ڈائریکٹر لینڈ آصف رضا چانڈیو، ڈائریکٹر فنانس شکیل صدیقی، کمیشنر کراچی کے نمائندے اے ڈی سی ٹو ارشد اللہ کھوسو و دیگر بھی شریک تھے۔ اجلاس میں گذشتہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں رولز اینڈ ریگولیش میں تبدیلیوں اور گذشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کے ڈی اے ایمپلائیز یونین سی بی اے کی جانب سے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر صوبائی وزیر نے استفسار کیا کہ کس قانون یا رولز کے تحت گورننگ باڈی کو یہ اختیار ہے کہ وہ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ میں ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کرے یا سیکرٹری کے ڈی اے نے کس نوٹیفیکیشن یا گورننگ باڈی کی منظوری سے مذاکرات کرکے ان چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لئے گورننگ باڈی میں ایجنڈہ رکھا ہے، جس پر ڈی جی اور سیکرٹری کی جانب سے کسی قسم کا ورکنگ پیپرز منسلک نہ ہونے پر صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ گورننگ باڈی میں کسی بھی ایجنڈے کے ورکنگ پیپرز اور قانونی تقاضوں کے بغیر کس قانون کے تحت منظوری کی جاسکتی ہے، جس کے بعد اس ایجنڈے کو آئندہ اجلاس تک موخر کرکے ڈی جی کو ہدایات دی گئی کہ اس کے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرکے دوبارہ آئندہ اجلاس میں لایا جائے۔

اجلاس میں کے ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور ان کی پینشن کی ادائیگی کے لئے سندھ حکومت سے ایک بار 3000 ملین کی گرانٹ کے ایجنڈے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے بتایا کہ اس سلسلے میں فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کے ڈی اے کو اس کی مکمل رپورٹ جمع کروانے اور اس بات کی یقین دہانی کروانے کے آئندہ وہ گرانٹ کی بجائے اپنے مالی وسائل سے آنے والے وقت میں ہونے والے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات اور پینشن ادا کرنے کی رپورٹ تاحال جمع نہیں کروائی ہے، جس پر صوبائی وزیر سعید غنی نے ہدایات دی کہ فنانس ڈپارٹمنٹ کے تحفظات اور اس حوالے سے رپورٹ جمع کروا کر اس معاملہ کو دوبارہ آئندہ کے اجلاس میں ایجنڈے میں لایا جائے، اجلاس میں کیڈی اے کو سندھ حکومت سے ملنے والی ماہانہ گرانٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کے پورے نہ ہونے پر گرانٹ میں اضافہ کو بھی آئندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا اور ہدایات دی گئی کہ ایجنڈے میں فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ون ٹائم گرانٹ والے معاملہ کو پہلے سلجھایا جائے پھر اس کو ایجنڈے میں لایا جائے۔

اجلاس میں کے ڈی اے کی تمام خدمات پر چارجز میں 10 سے 25 فیصد سالانہ اضافہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبائی وزیر نے اضافہ کو صرف 10 فیصد تک ہی محدود رکھنے اور اس میں آباد سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہونے والے اجلاس کی روشنی میں تمام خدمات پر 10 فیصد سالانہ اضافہ کی ہی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ عام لوگوں پر خدمات کی مد میں چارجز کا کسی صورت زائد بوجھ نہ ڈالا جائے۔

اجلاس میں گلستان جوہر میں متبادل کمرشل پلاٹس کے حوالے سے معزز عدلیہ کے احکامات پر دینے کے ایجنڈے پر چیئرمین گورننگ باڈی و وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ متبادل پلاٹس کے تمام کیسز کی رپورٹ آئندہ کے اجلاس میں بنا کر دی جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ جن جن رہائشی و کمرشل پلاٹس کے الاٹیز کو کسی وجہ سے ان کے پلاٹس کا قبضہ نہیں مل سکا ہے ان تمام کی فہرست مرتب کرکے دی جائے تاکہ اس کا ایک بار میں ہی مستقل حل نکالا جاسکے اور اس معاملہ کو سلجھایا جاسکے۔

انہوں نے ڈائریکٹر لینڈ کو ہدایات کی کہ آئندہ 15 روز میں ایسے تمام کیسز کی ایک ایک کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے جمع کروائی جائے۔ اجلاس میں کورنگی 36 آئی میں مسجد کے لئے مختص پلاٹس کے لئے موصول درخواست پر متعلقہ ادارے کو زمین دینے کے ایجنڈے پر صوبائی وزیر و چیئرمین گورننگ باڈی نے ہدایات دی کہ اس کی منظوری سب ایڈوائزری کمیٹی اور بعد ازاں گورنگ باڈی کی ایڈوائزری کمیٹی برائے رفاعی پلاٹس سے لے کر اس ایجنڈے کو آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :